کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے قطری فوج کے ملازم کا نام پی این آئی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر متعلقہ اتھارٹی کو 2 ہفتوں میں درخواست گزار سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا، دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میرا موکل وحید پاکستانی شہری اور قطری فوج کا ملازم ہے، 2020 میں درخواست گزار کے خلاف سائبر کرائم حکام نے مقدمہ درج کیا تھا، درخواست گزار باقاعدگی سے کیس کا سامنا کررہا ہے، درخواست گزار کا نام بغیر کسی عدالتی کارروائی کے پی این آئی ایل میں شامل کیا گیا، درخواست گزار پاسپورٹ کی تجدید نہ کئے جانے سے اپنی ملازمت پر قطر نہیں جاسکا، فہرست سے نام نکالنے کا اختیار ایف آئی اے کے پاس ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شہری کی درخواست پر قانون کے مطابق وجوہات جاری کرنا متعلقہ ادارے کی ذمہ داری ہے، درخواست گزار متعلقہ اتھارٹی کے فیصلے سے مطمئن نہ ہو تو قانونی کارروائی کرسکتاہے ، عدالت نے متعلقہ اتھارٹی کو 2 ہفتوں میں درخواست گزار سے متعلق فیصلے کا حکم دیدیا۔