اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستوں سے متعلق سپریم کورٹ رجسٹرار کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ہائی پروفائل مقدمات میں یکساں انصاف کے بجائے امتیازی رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے فارم 47 کی حکومت کو عدالتی، سیکورٹی، آزاد کشمیر اور معاشی معاملات میں ناکامی کا ذمہ دار بھی قرار دیا۔ ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سپریم کورٹ رجسٹرار کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطل کرنے کی درخواستیں واپس کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان اور ان کے خاندان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔