ملتان (سٹاف رپورٹر)غیر معیاری مشروبات اور ناقص خوراک کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن‘ فوڈ سیفٹی ٹیموں کی وہاڑی اور خانیوال میں کارروائیاں، سوڈا واٹر پلانٹس، جوس پلانٹس، بیکریز اور ملک شاپس کی چیکنگ، کارروائیوں کے دوران 350کلو سے زائد ناقص اشیاء، 150لیٹر غیر معیاری مشروبات‘ 50لیٹر ناقص دودھ اور مصنوعی مٹھاس تلف‘ خلاف ورزیوں پر متعدد فوڈ پوائنٹس کو جرمانے عائد کیے گئے،تفصیلات کے مطابق وہاڑی میں 5 سوڈا واٹر پلانٹس کی چیکنگ کے دوران 150 لیٹر غیر معیاری مشروبات اور 20 کلو مصنوعی مٹھاس تلف کر دی گئی۔ پانی کا سیمپل فیل ہونے پر ایک واٹر پلانٹ کی اصلاح تک پروڈکشن بند کر دی جبکہ مشروبات کی تیاری میں مصنوعی مٹھاس، ایکسپائری فلیورز کے استعمال، بوتلوں اور ڈھکنوں کی ناقص صفائی اور غیر معیاری پانی کے استعمال پر 4 پلانٹس کو مجموعی طور پر 75ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائیاں مراد آباد میلسی، شرقی کالونی، 9/11 اور حاصل پور روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ دوسری جانب خانیوال میں جوس پلانٹس، بیکریز اور ملک شاپس کی انسپکشن کے دوران 200 کلو گلے سڑے پھل، 100کلو غیر معیاری مینگو پلپ اور 50 لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا۔ گلے سڑے آموں اور غیر معیاری مینگو پلپ کے استعمال پر 2 جوس پلانٹس، صفائی کے ناقص انتظامات اور مضر صحت اجزاء کے استعمال پر 3 بیکریز، جبکہ دودھ کے معیار میں کمی پر 2 ملک شاپس کو جرمانے کیے گئے۔ مجموعی طور پر 7 فوڈ پوائنٹس کو 2 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔