• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مون سون بارشوں کے پیش نظر بجلی فراہمی کے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت

ملتان (سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق مون سون بارشوں کے طاقتور سلسلہ کے پیش نظر افسران کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل برقرار رکھنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ تمام فیلڈ افسران اور عملہ الرٹ رہے، گرڈ اسٹیشنز، فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور بجلی کی ترسیلی لائنوں کی خصوصی نگرانی کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں بارشوں /ممکنہ سیلاب کے پیش نظر منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ریجن بھر کے آپریشنل/ٹیکنیکل اور دیگر شعبوں کے افسران نے آن لائن شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں، ضروری آلات، گاڑیاں اور اضافی افرادی قوت ہمہ وقت تیار رکھی جائے۔ تمام افسران و اہلکار سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔ دورانِ بارش بجلی کے نظام پر کام کرتے وقت حفاظتی سامان، ٹولز اینڈ پلانٹس اور پرمٹ ٹو ورک کے ضابطوں کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔افسران مون سون کے دوران بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کو بروقت آگاہ کریں تاکہ صارفین کو کم سے کم وقت میں بجلی کی فراہمی بحال کی جا سکے۔
ملتان سے مزید