• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاور لومز انڈسٹری تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہی ہے، خالق قندیل انصاری

ملتان (سٹاف رپورٹر) آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں احمد آباد میں جلسہ منعقد ہواجس میں پاور لومز انڈسٹری کو درپیش مسائل، بڑھتے ہوئے ادارہ جاتی دباؤ اور صنعت کی بقا کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر خالق قندیل انصاری نے کہا کہ اس وقت پاور لومز انڈسٹری تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہی ہے،مختلف سرکاری محکموں کی مسلسل مداخلت نے صنعت کاروں کے لیےکاروبار جاری رکھنا انتہائی مشکل بنا دیا ہے، میپکو، واسا، محکمہ ماحولیات، لیبر ڈیپارٹمنٹ، سوشل سکیورٹی، ایکسائز، پیرا فورس اور دیگر ادارے پاور لومز انڈسٹری کے لیے دردِ سر بن چکے ہیں، یہ محکمے حکومتی خزانے میں ریونیو جمع کرانے کے بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں اور ذاتی خزانے بھر رہے ہیںجس کے باعث صنعت شدید مشکلات سے دوچار ہے، خالق قندیل انصاری نے مزید کہا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ صنعت سے وابستہ افراد کے لئے دو وقت کی روٹی کمانا اور اپنے بچوں کی کفالت کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ادارہ جاتی مداخلت کا خاتمہ کیا جائے، بصورت دیگر آل پاکستان پاور لومز ایسوسی ایشن ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی مقصودہ بیگم نے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاور لومز انڈسٹری کو درپیش مسائل وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے اٹھائیں گی اور ان کے حل کیلئے بھرپور کوشش کریں گی،مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا ونگ کے صدر عقیل احمد انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاور لومز انڈسٹری کے مسائل ہر فورم پر اجاگر کئےجائیں گے،انہوں نے کہا کہ پاور لومز انڈسٹری ملک کو قیمتی زر مبادلہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہزاروں افراد کو روزگار بھی مہیا کر رہی ہے، لہٰذا اس صنعت کو درپیش مشکلات کا فوری حل ناگزیر ہے، جلسے سے بشیر احمد انصاری ، سعید احمد، یونس انصاری، ارشاد قادری، نذیر احمد انصاری، ثناء اللہ انصاری، محمد اشرف گوگا، عبدالرزاق انصاری، امجد نذیر انصاری، مشتاق احمد شکرگڑھی، محمد الیاس پہلواناور صوفی نیاز احمد سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
ملتان سے مزید