ملتان(سٹاف رپورٹر) گیس اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شہر کے متعدد تندوروں اور نان شاپس پر نان، روغنی نان اور کلچے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔تندور مالکان کی جانب سے آویزاں کیے گئے نئے ریٹ لسٹ کے مطابق سادہ نان کی قیمت 20 روپے سے بڑھا کر 25 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ روغنی نان 30 روپے سے بڑھا کر 35 روپے اور اسپیشل روغنی نان و کلچے کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ گیس، آٹا اور دیگر خام مال کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پرانے نرخوں پر نان فروخت کرنا ممکن نہیں رہا، اس لیے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا،دوسری جانب شہریوں نے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے پہلے ہی عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، اب روزمرہ استعمال کی بنیادی خوراک بھی عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک عام مزدور اور کم آمدن والے افراد کے لیے روزانہ نان خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے،شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ نان کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے۔