لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے آسٹریلیا کے شہر گریفتھ میں واقع گوردوارہ صاحب کا اہم دورہ کیا، جہاں سکھ برادری کی جانب سے ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر گوردوارہ انتظامیہ کی طرف سے صوبائی وزیر کو عزت و احترام کے طور پر روایتی "سر وپا" پیش کیا گیا۔ دورے کے دوران سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مقامی سنگت سے تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ اپنے خطاب میں صوبائی وزیر نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت صوبے میں سکھ برادری کے 50 تاریخی گوردواروں کی بحالی اور تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں مقیم سکھ برادری کو اپنے آبائی وطن پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان تشریف لائیں اور اپنے مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کریں۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے واضح کیا کہ پاکستان سکھ ورثے کے تحفظ اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کر رہا ہے۔ حکومتِ پنجاب تمام مذاہب کے مقدس مقامات کے تحفظ اور اقلیتوں کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔