لاہور (اپنے نامہ نگار سے) گورنر پنجاب و چانسلر سردارسلیم حیدر خان کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 19ویں سینیٹ اجلاس کی صدارت کی اور مالی سال 2026-27کے بجٹ سمیت اہم پالیسی فیصلوں کی متفقہ منظوری دی۔ یونیورسٹی آمد پرصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز اورفیکلٹی ممبران نے گورنر پنجاب کا استقبال کیا۔ گورنر پنجاب نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں جدید پوسٹ مارٹم رومز اور سووینئر شاپ کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں میرٹ کا نفاذ اولین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا طبی تعلیم کی ترقی اور تحقیق میں ہمیشہ سے کلیدی کردار رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا سب سے اہم کام ریسرچ اور ڈویلپمنٹ ہے۔