کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون اور 2 افراد جاں بحق، ایک شخص زخمی ہوگیا ، یونیورسٹی روڈ پر مشتعل افراد نے موٹرسائیکل کو ٹکر مارنے والے واٹرٹینکر کو آگ لگا دی ، ڈیفنس میں مرغیوں سے لدا تیز رفتار ٹرک فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹنے سے متعدد مرغیاں دب کر مر گئیں ، عینی شاہدین نے بتایا کہ دو موٹرسائیکل سوار اور ایک کار بھی حادثے میں بال بال بچے، تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر تیز رفتارواٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 45 سالہ سعد ولد آصف جاں بحق ہوا، ایم اے جناح روڈ پر تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار 50 سالہ شمیم زوجہ فاروق جاں بحق ہوگئی ، کورنگی بلال چورنگی کے قریب نجی کوریئر کمپنی کے ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 24 سالہ عبدالاحد ولد سرفراز جاں بحق اور آن لائن بائیک رائیڈر جمیل ولد شفیق شدید زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق کوریئر کمپنی کا ڈرائیور فرارہوگیا ، ٹرک کو تحویل میں لینے کے بعد تھانے منتقل کردیا ۔