کراچی (جنگ نیوز) فیفا ورلڈ کپ میں اسپین سمیت تمام حریف ٹیموں کے ساتھ دشمن جیسے سلوک اور پرتشدد رویے نے ارجنٹائن کو عالمی فٹبال کا نیا ’’ولن‘‘ بنا دیا ہے۔ عالمی ذرائع ابلاغ اور سابق کھلاڑیوں نے ان ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی ہے، جبکہ کھلاڑیوں کی ہنگامہ آرائی کو پوری دنیا نے ناپسند کیا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن ٹیم پر فیفا اور ریفریز کی جانب سے مبینہ جانبداری اور رعایت دینے کے الزامات بھی لگ رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ارجنٹائن ٹیم اور شائقین میں شدید تکبر اور خود کو برتر سمجھنے کا منفی رجحان پایا جاتا ہے ۔ شائقین اور کھلاڑیوں کی جانب سے سیاہ فام افراد اور مخالفین کے خلاف نسل پرستانہ جملوں پر عالمی شخصیات نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب وطن واپسی پر ہزاروں شائقین نے شکست کے باوجود ٹیم کا پرجوش استقبال کیا۔