• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ورلڈکپ کئی زخم، ارجنٹینا کے خلاف تحقیقات، پلیئرز پر پابندی، فیڈریشن کو جرمانے کا خطرہ

ٹورنٹو/کراچی (شکیل یامین کانگا/جنگ نیوز) فیفا ورلڈکپ 2026 کا اختتام ارجنٹینا کیلئے کئی زخموں کے ساتھ ہوا۔ فیفا نے فائنل کے بعد ڈسپلن کی مبینہ خلاف ورزیوں اور ناخوشگوار واقعات کی تحقیقات کیلئے ڈسپلنری اور اخلاقیاتی پراسیکیوٹر مقرر کر دیا ، عالمی چیمپئن کے اعزاز کے ساتھ ہی عالمی نمبر ایک رینکنگ بھی ہاتھ سے نکل گئی۔ فیفا کی تازہ درجہ بندی میں اسپین دنیا کی نمبر ایک ٹیم بن گیا،جبکہ ارجنٹینا دوسرے نمبر پر چلا گیا۔ اسپین رواں سال کے آغاز ٹاپ ٹیم تھی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ورلڈکپ فائنل کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی، ہاتھاپائی اور ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے پراسیکیوٹر کی تقرری سے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں، کوچز اور فٹبال ایسوسی ایشن کے خلاف ممکنہ تادیبی کارروائی کا خطرہ پیدا ہوگیا ۔ الزامات ثابت ہونے پر ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن پر بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ تحقیقات میں سیمی فائنل کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کی جانب سے فاک لینڈ کے حق میں سیاسی بینر اٹھانے، پرتشدد رویے، کھیل کی ساکھ اور فیئر پلے کے اصولوں کی ممکنہ خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ فائنل میں شکست کے فوراً بعد ارجنٹینا کے متعدد کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف اسپین کے جشن کے دوران الجھ پڑے تھے۔ خیال رہے کہ فیفا ماضی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر سخت سزائیں دے چکا ہے۔ 2023میں اسپینش فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر لوئس روبیالس کو تین برس کیلئے معطل کیا گیا تھا، جبکہ 2014کے ورلڈکپ میں اٹلی کے جیورجیو کیلینی کو کاٹنے پر یوراگوئے کے اسٹرائیکر لوئس سواریز پر چار ماہ کی عالمی پابندی عائد کی گئی تھی۔ادھر ورلڈ کپ 2026ء کے بعد فیفا نے فٹ بال کی نئی رینکنگ جاری کی ہے ۔ شریک میزبان میکسیکو کی مارچ2022ء کے بعد ٹاپ ٹین میں واپسی ہوئی ہے۔ ناروے بارہ ترجہ ترقی کرتے ہوئے 19ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔فرانس تیسری، انگلینڈ چوتھی، برازیل پانچویں، مراکش چھٹی، پرتگال ساتویں، بیلجیم آٹھویں، ہالینڈنویں نمبر پر ہے۔ ان کے علاوہ پاکستان 199، ایران 22، مصر24، بھارت 138، افغانستان177، بنگلادیش 181اور سری لنکا 187 ویں پوزیشن پر ہے۔

اسپورٹس سے مزید