• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ زکریا،مطالبات کی منظوری کیلئے ملازمین کی 3نمائندہ تنظیموں کا مشترکہ احتجاج

ملتان(سٹاف رپورٹر) جامعہ زکریا میں تین یونیز کا مطالبات کی منظوری کے لیےمشترکہ احتجاج، ایڈمن بلاک سیل، بجٹ اجلاس منعقد نہ ہونے دینے کا اعلان، تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا میں ملازمین کی تین نمائندہ تنظیموں نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے مشترکہ احتجاج کرتے ہوئے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے دھرنا دیا، مرکزی انتظامی عمارت کا گھیراؤ کیا اور ایڈمن بلاک میں دفتری امور مکمل طور پر معطل کر دیے،احتجاج کے باعث کئی گھنٹوں تک انتظامی سرگرمیاں متاثر رہیں جب کہ ملازمین نے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں آج ہونے والے بجٹ اجلاس منعقد نہ ہونے دینے کا بھی اعلان کیا، احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کی قیادت ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رہنما ملک صفدر حسین اور رانا مدثر مشتاق نے کی،اس موقع عہدیداران اور بڑی تعداد میں ملازمین شریک ہوئے، مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کے دیرینہ مسائل مسلسل نظر انداز کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے،انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے متعدد بار مذاکرات اور مطالبات کی منظوری کی یقین دہانیاں کرائی گئیں، تاہم عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث ملازمین احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں، رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے تمام جائز اور طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات فوری طور پر منظور کیے جائیں، ترقیوں، سروس اسٹرکچر، الاؤنسز اور دیگر انتظامی معاملات کو بلا تاخیر حل کیا جائے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے،احتجاج کے اختتام پر ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔
ملتان سے مزید