کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اور سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گروپ اسکاؤٹ لیڈر سیمینار کا انعقاد صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر محمد صدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں کیا گیا، سیمینار میں شرکاء کو اسکاؤٹنگ کی تاریخ ،معاشرے میں اسکاؤٹس کا کردار ، اسکاؤٹ وعدہ اور قانون، نظم و ضبط اور دیگر موضوعات کے علاوہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اداروں میں اسکاؤٹس یونٹ کے قیام کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی، سیمینار میں سابق سینیٹر ڈپٹی چیف کمشنر پاکستان، غلام علی شاہ پاشا، صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز، سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر گنہور علی لغاری، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر شہ پارہ رضوری ، صوبائی سیکریٹری سید اختر میر، ریجنل ڈائریکٹر اشفاق میرانی ،اسسٹنٹ صوبائی کمشنر پروفیسر معین اظہر صدیقی، انور علی بھٹی ڈپٹی سیکرٹری فرقان یوسفی اور اسسٹنٹ سیکریٹری عبدالحی خان نے خطاب کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی اسکاؤٹ کمشنر غلام علی شاہ پاشا نے کہا کہ ملک بھر میں اسکاؤٹنگ کے فروغ میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر گنہور علی لغاری کا کہنا تھا کہ سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن نوجوانوں کی تربیت، کردار سازی اور قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دےرہی ہے۔ صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز نے کہا کہ گروپ اسکاؤٹ لیڈرز اسکاؤٹنگ کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر نے اسکاؤٹنگ کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک مؤثر ، گروپ اسکاؤٹ لیڈر نہ صرف اسکاؤٹس کی عملی تربیت کرتا ہے۔