کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ عوام کو فوری، مؤثر اور بلا معاوضہ انصاف کی فراہمی ریاستی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوامی شکایات کے بروقت اور منصفانہ ازالے سے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہوتا ہے، جبکہ نوجوانوں اور طلبہ میں شہری حقوق، عوامی خدمات اور شکایات کے ازالے کے نظام سے متعلق آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کراچی میں محتسب اعلیٰ سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صوبائی محتسب اعلیٰ نے ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025 گورنر سندھ کو پیش کی اور ادارے کی کارکردگی، عوامی ریلیف، ڈیجیٹل اصلاحات اور آگاہی مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔گورنر سندھ نے صوبائی محتسب کے ادارے کی مؤثر کارکردگی، شفافیت، ڈیجیٹل اصلاحات اور عوامی خدمت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر سہیل راجپوت نے بتایا کہ عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے باعث ادارے کو موصول ہونے والی شکایات کی تعداد ساڑھے سات ہزار سے بڑھ کر 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔