• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے سرکاری کالجوں میں 6روزہ شجرکاری مہم چلانے کا فیصلہ

کراچی (سید محمد عسکری) محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے کراچی ریجن کے تمام سرکاری کالجوں میں 17 تا 22اگست 2026چھ روزہ خصوصی شجرکاری مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام پرنسپلز کو اس سلسلے میں ضروری انتظامات مکمل کرنے اورہر ملازم اور ہر کلاس کو ایک ایک نیم کا پودا لگانےکی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمہ جنگلات کا سوشل فارسٹری ونگ کراچی تمام سرکاری کالجوں کو نیم کے پودے مفت فراہم کرے گا۔ مہم کے دوران نیم کے درختوں کی شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ ماحولیاتی تحفظ، ماحول دوست طرزِ زندگی کے فروغ اور گرین پاکستان کے وژن کو عملی شکل دی جا سکے۔ ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی گلاب رائے کی منظوری سے جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ مہم سیکریٹری کالج ایجوکیشن حکومت سندھ کی ہدایات کے مطابق منعقد کی جائے گی۔ تمام سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اداروں میں شجرکاری مہم کامیاب بنانے کے لئے عملی اقدامات کریں۔ مراسلے کے مطابق ہر سرکاری ملازم کم از کم ایک نیم کا پودا لگائے گا اور اس کی دیکھ بھال، حفاظت اور نشوونما کی ذمہ داری بھی اسی ملازم پر ہوگی، یہاں تک کہ وہ درخت مکمل طور پر پروان نہ چڑھ جائے۔ اس مقصد کے لئے ملازمین کو اپنے لگائے گئے درخت کے سامنے شناختی تختی لگانے کی بھی اجازت دی گئی ہے تاکہ احساسِ ملکیت اور ذمہ داری کو فروغ دیا جا سکے۔

ملک بھر سے سے مزید