• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ کا دفاع، حوثیوں کو انتباہ، ہمارے جہازوں یا مفادات پر حملہ اور سعودی عرب کو دھمکیاں ناقابل قبول، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(فاروق اقدس )پاکستان نے واضح اور واشگاف الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار بحری جہازوں یا پاکستان کے سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کاروائی کو پاکستان کی قومی سلامتی اور خود مختار مفادات کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جائے گا‘تجارتی جہاز رانی اور سعودی عرب کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں ناقابل قبول اور بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے‘ پاکستان اپنی بحری تنصیبات ‘بحری اثاثوں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ضرورت پڑنے پر طاقت کے استعمال کا حق محفوظ رکھتا ہے۔پاکستان نے مشرق وسطی تنازعے میں سعودی عرب کو گھسیٹنے کی کوششوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاض کی سلامتی‘ خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ بدھ کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے خلاف جاری دھمکیوں کی دو ٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہے‘ پاکستان خاص طور پر ان اطلاعات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے جن کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ جائز تجارتی سرگرمیوں میں مصروف بحری جہازوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ بیان کے مطابق حوثی ملیشیاایک مقامی یمنی شورش پسند گروہ سے بڑھ کر ایک علاقائی غیر ریاستی قوت میں تبدیل ہو چکے ہیں جس نے بحیرہ احمد کو جغرافیائی سیاست اور بحری دباؤ کے ایک اہم میدان میں تبدیل کر دیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید