کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن نے خواجہ سعد رفیق کے بیان پر ردعمل میں کہا ہےکہ سقوطِ ڈھاکہ کا ذمہ دار شہید بھٹو کو قرار دینے سے پہلے خواجہ سعد رفیق کو حمود الرحمن کمیشن کی رپورٹ پڑھنی چاہئے تھی ، ن لیگ ماضی کے تلخ قومی سانحات کو سیاسی ہتھیار بنانے سے گریز کرے۔خواجہ سعد رفیق کے بیان کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ، تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش اور قومی یکجہتی کے خلاف قرار دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ طنزیہ جملوں سے نہ تاریخ بدلی جا سکتی ہے اور نہ ہی عوام کی رائے۔سقوطِ ڈھاکہ پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک سانحہ ہے، جس کے زخم آج بھی پوری قوم کے دلوں میں تازہ ہیں، ایسے حساس قومی المیے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے استعمال کرنا قوم کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، اسلامی دنیا کو شہید بھٹو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور عوام کو سیاسی شعور دیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق سیاسی دیوالیہ پن اور اخلاقی افلاس کا شکار ہوگئے ہیں۔