کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں آئی ایس او ڈسٹرکٹ پروفیشنل اور دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام سالانہ یوم حسین ؑ کا انعقاد کیا گیا، شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی، شہدائے کربلا کی قربانی کا مقصد انسانیت کو گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر ہدایت کی روشنی تک پہنچانا ہے،انہوں نے کہا کہ آج جمہوری اسلامی ایران امریکا اور اسرائیل کے خلاف جس استقامت کا مظاہرہ کررہا ہے وہ تعلیمات حسینی کا ہی نتیجہ ہے، معروف عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ کربلا کا راستہ شعور کا راستہ ہے، حضرت امام حسین ؑ نے اپنی قربانی سے دین کو نئی جلِا بخشی ہے، شہدائے کربلا کی قربانی تاریخ بشریت کی عظیم ترین قربانی ہے، معروف اہلسنت عالم دین مفتی فضل ہمدرد نے کہا کہ حضرت امام حسین نے دین اسلام کی سر بلندی کی خاطر نذرانہ شہادت پیش کیا ، مولانا عروج زیدی کا کہنا تھا کہ کربلا پوری انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے، اس موقع پر تمام شیعہ سنی شرکاء نے مولانا فرخ عباس کی اقتداء میں باجماعت نماز ظہرین ادا کی، ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے شرکاء میں مفت پودے بھی تقسیم کئے گئے۔