کراچی (استاف رپورٹر)گلشنِ اقبال بلاک 5، نیپا کے قریب جاری ترقیاتی کاموں نے علاقہ مکینوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے، کھدائی کے باعث پانی اور سیوریج کی لائنیں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے گھروں میں بدبودار اور آلودہ پانی کی سپلائی جاری ہے اور شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں،علاقہ مکینوں کے مطابق نلکوں سے آنے والا پانی اس قدر آلودہ ہے کہ وہ نہ تو پینے کے قابل ہے اور نہ ہی کسی دیگر استعمال میں لایا جا سکتا ہے، مساجد میں وضو کے لیے بھی صاف پانی میسر نہیں ہے، جبکہ آلودہ پانی کے استعمال سے بچے بیمار پڑ رہے ہیں اور شہری طبی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں،علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ایک طرف آلودہ پانی کی فراہمی اور دوسری جانب کھدائی کے باعث ٹوٹی سڑکوں اور بڑھتے حادثات نے شہریوں کودہری اذیت میں مبتلا کر دیا ہے،متاثرہ شہریوں نے اعلیٰ حکام اور انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے اور پانی و سیوریج کا نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔