کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام میں سندھ اور کراچی کو ان کا جائز حصہ نہیں دیا جا رہا، وفاق کی جانب سے 100 ارب اور 200 ارب روپے فراہم کرنے کے وعدے بھی تاحال پورے نہیں کیے گئے، کراچی پریس کلب کے نئے ارکان کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی اگست کے پہلے ہفتے میں کر دی جائے گی ،سید ناصر حسین شاہ نے کراچی پریس کلب کے دورے میں پریس کلب کے عہدیدروں اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقات میں نئے ارکان کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی سمیت صحافی برادری سے متعلق دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کراچی کو دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں شمار کیا جاتا تھا، مگر آج صورتحال یکسر مختلف ہے اور شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔