ٹانک،ڈیرہ اسماعیل خان،پشاور،راولپنڈی، کوئٹہ(نمائندگان جنگ+جنگ نیوز+نیوز ایجنسیاں) ضلع ٹانک میں فوج اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ،فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کردیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق ناکامی کے بعد حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں دھماکے سے چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوا،آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں 15 اہلکار شہید ہوئے، جن میں 12 فوجی، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری اہلکار شامل ہیں،دوسری جانب کوہاٹ کی حدود میں انڈس ہائی وے پر واقع ٹنل ٹول پلازہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے محکمہ ایکسائز اور کسٹم کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کسٹم کی سرکاری پک اپ گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی ، حملے میں محکمہ کسٹم کا ایک اہلکار اور محکمہ ایکسائز کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر شہید جبکہ ایک کسٹم اہلکار شدید زخمی ہوگیا،ادھر بلوچستان کے علاقےمستونگ، کھڈ کوچہ میں سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک کر دئیے،سیکورٹی ذرائع کے مطابق بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور ان کے زیرِ استعمال موٹرسائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں، ذرائع کے مطابق آپریشن میں تنظیم کے متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دہشتگرد حملوں کی مذمت ، فورسز کی بروقت کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا ۔تفصیلات کے مطابق ٹانک سے تقریباً 12 کلومیٹر دور ڈیرہ روڈ پر واقع مانجھی خیل چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں جمعرات کی شب نامعلوم مسلح افراد نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 15 سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 27اہلکار زخمی ہوگئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 23 اور 24 جولائی 2026 کی درمیانی شب حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، لیکن جوانوں نے غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے 12 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ حملہ آوروں کے زیرِ استعمال ایک موٹر کار بھی برآمد کرلی گئی۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران ضلع بھر میں سیکورٹی کے پیش نظر کرفیو نافذ رہا۔واقعے کے بعد ضلع بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن اور مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس لائن ٹانک میں گزشتہ شب مانجھی خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس کانسٹیبل بلال خان، کانسٹیبل طلاء محمد اور محکمہ جنگلات کے فارسٹ گارڈ نور اعظم کی نمازِ جنازہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔