میر پور (نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاول برخوردار کشمیر کو کشمور اور میرپور کو میرپور خاص نہ سمجھنا، سیاست میں نوک جھونک ہونی چاہیے مگر مار کٹائی نہیں، آزاد کشمیر کے ہر ترقیاتی منصوبے پر ن لیگ کی مہر نظر آئیگی، مریم نواز نے کہا کہ جتنی خطرناک سازشیں نوازشریف کیخلاف ہوئیں عوام کی سپورٹ نہ ہوتی تو ہمارا نام ختم ہوجانا تھا، سوچ سمجھ کر ووٹ دیں کہیں ایسا نہ ہو کہ پھر ترقی کو ترس جائیں، آپ نے (ن )لیگ کو کامیاب کرایا تو وہ ترقی آئیگی جو آپکے خواب و خیال میں بھی نہ ہو، مخالفین کی دوڑیں بتا رہی ہیںاب کشمیر کے اصل وارث آگئے ہیں۔ میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ( ن ) کے قائد نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے کہا کشمیر سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے، میرپور خوبصورت شہر ہے، آج حال جتنا اچھا ہونا چاہیے تھا اتنا نہیں، میرے جانے کے بعد آزاد کشمیر میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، میں پوچھنا چاہتا ہوں میرے بعد آنے والوں نے کشمیر کیلئےکیاکیا؟ نواز شریف نے کہا میں آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں پہلا گھر سمجھتا ہوں ، میں آج آزاد کشمیر کے لیے منشور بھی ساتھ لےکر آیا ہوں، پاکستان اور آزاد کشمیر کے ہر منصوبے پر ن لیگ کی مہر نظر آئےگی، ہماری اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم دینی ہے، آزادکشمیر میں بھی کینسر اور دل کے امراض کے بے شمار اسپتال بننے چاہیے۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مریم یہاں پر جدید ترین الیکٹرک بسیں آپ کے لیے لیکر آئی ہیں، مریم یہاں پر 10 موبائل اسپتال لیکر آرہی ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو کشمیر میں موٹرویز بنائیں گے، مری سے مظفر آباد تک ایکسپریس ویز بنائیں گے۔ نواز شریف نے کہا آپ نے مسلم لیگ ن کو کامیاب کرایا تو کشمیر کے چپے چپے خود جاؤں گا، میرپورکےگھرگھر میں گیس کی سہولت ہوگی، شہباز شریف سے کہوں گا کہ میرپور میں بین الاقوامی ائیرپورٹ ہوناچاہیے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخالفین کے بیانات سے پتا چل رہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر کو جیت لیا ہے، مخالفین کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپور میں اچھے گھر بنے ہوئے ہیں لیکن افسوس سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ میرپور میں بھی ترقی کے چراغ جلیں، نوازشریف نے گاڑی میں متعدد بار کہا کہ کتنا خوبصورت خطہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف نے میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا کہا تو دنیا جانتی ہے نواز شریف ان شااللہ ایئرپورٹ بنا کر دم لے گا۔