اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بین الاقوامی توانائی کمپنیوں کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں پاکستان کے توانائی اور کریٹیکل منرلز کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق کیاگیا۔ وزیر پٹرولیم نے کمپنیوں کے نمائندوں کو مقامی توانائی پیداوار میں اضافے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے امریکی توانائی کمپنی مورگن ہیوز انرجی کے صدر گریگوری بلوم اور تیجارہ کیپیٹل کے سی ای او احمد ولید سے ملاقات کی، مورگن ہیوز انرجی اور تیجارہ کیپیٹل بلوچستان میں معدنیات کے منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں۔ صدر مورگن ہیوز انرجی گریگوری بلوم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے تیل و گیس کی موجودہ فیلڈز کی پیداوار بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں جس پر وفاقی وزیرعلی پرویز ملک نے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفاقی وزیر نے ویٹول ایشیا کے سی ای او کیرن گالاگر سے بھی ملاقات کی، اس موقع پرعلی پرویز ملک نے گوادر میں ویٹول کی جانب سے بنکرنگ آپریشنز کے کامیاب آغاز پر مبارکباد دی اور کہا کہ ویٹول کے ہائی سلفر فیول آئل کو ویری لو سلفر فیول آئل میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی مکمل حکومتی سپورٹ فراہم کرینگے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی نئی بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کے تحت دستیاب مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر علی پرویز ملک نے کہاکہ حکومت ویٹول سمیت عالمی توانائی کمپنیوں کے ساتھ بانڈڈ اسٹوریج کے منصوبوں پر بات چیت کر رہی ہے۔