اسلام آباد( رانا غلام قادر )معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا وفاق میں متحرک سیا سی کردار ادا کرنے کا فیصلہ ،وزیر اعظم آفس میں دفترالاٹ کر دیا گیا ،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے ابھی تک رسمی طورپر کوئی عہدہ عطا نہیں کیا تاہم وہ ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ کوآرڈی نیشن کے فرائض انجام دینگے، انہیں ارکان قومی اسمبلی اور پارٹی ممبران کے حلقوں کے مسائل حل کرنے کا ٹاسک دیا جا ئے گا۔ حکومتی ممبران اسمبلی اپنے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم سے ملاقات کا تقاضا کرتے ہیں۔ وزیر اعظم سر کاری مصروفیات کی وجہ سے انہیں وقت نہیں دے پاتے ۔ حمزہ شہباز کے دفتر کے ساتھ ہی ایک میٹنگ روم بھی ہے جہاںوہ وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔اس سے قبل بھی وہ شہباز شریف کی وزارت اعلیٰ کے دور میں ممبران صو بائی اسمبلی سے کواآرڈی نیشن کا تجربہ رکھتے ہیں۔ ،حمزہ شہبازلاہور کے حلقہ این اے 118سے رکن قومی اسمبلی بھی ہیں۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کووزیر اعظم آفس کے چھٹے فلور پر دفتر اور سٹاف الاٹ کیاگیا ۔ اس وقت وزیر اعظم کے مشیر کا ایک عہدہ خالی ہے۔ آئین کے تحت وزیر اعظم پانچ مشیر مقررکرسکتے ہیں۔ اس وقت ان کے چار مشیر ہیں جن میں رانا ثنا اللہ خان، ڈاکٹر توقیر شاہ ، محمد علی اور پرویز خٹک شامل ہیں۔مشیر کا مرتبہ وفاقی وزیر کے مساوی ہوتا ہے۔ معاون خصوصی بھی مقرر کیا جاسکتا ہےجن کا مرتبہ وزیر مملکت کے مساوی ہوتا ہے۔ تاہم یہ امکان ہے کہ مخالفین کی تنقید سے بچنے کیلئے مشیر یا معاون خصوصی کی بجائے کوآرڈی نیٹر کا عہدہ دیدیا جائے اور وہ پس منظر میں رہ کر اپنے فرائض انجام دیں۔