• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی دہلی پولیس کی 76 پاکستانیوں سمیت 400 ایکس اکاؤنٹ بند کردیئے

لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پولیس کے انٹیلی جنس فیوژن اینڈ اسٹرٹیجک آپریشنز یونٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کو 5 صفحات پر مشتمل ایک باضابطہ نوٹس جاری کرتے ہوئے 76 پاکستانی اور تقریبا 400 دوسرے اکاونٹس فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نئی دہلی کے جوائنٹ کمشنر آف پولیس راجنیش گپتا کی طرف سے گزشتہ روز جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتیہ نیائے سنہیتا 2023 کی دفعات 152، 196، 197، 299، 353، 356(2) اور 351(2) کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعہ 79(3)(b) کے تحت ایکس سے متعلقہ اکاؤنٹس اور پوسٹس تک رسائی محدود کی جائے کیونکہ سائبر نگرانی اور انٹیلی جنس کے دوران متعدد ایسے ایکس اکاؤنٹس اور پوسٹس کی نشاندہی ہوئی جو مبینہ طور پر گمراہ کن، اشتعال انگیز اور بھارت مخالف پروپیگنڈا پھیلانے میں ملوث ہیں اور منظم انداز میں ایسے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں جو بھارت کی خودمختاری، قومی سلامتی اور عوامی نظم و نسق کے لیے خطرہ قرار دیے گئے ہیں۔ دہلی پولیس نے ایکس کو ہدایت کی ہے کہ نوٹس موصول ہونے کے تین گھنٹوں کے اندر مذکورہ تمام یو آر ایل اور پوسٹس تک رسائی ختم یا معطل کی جائے جبکہ متعلقہ ڈیٹا، لاگز اور صارفین کی معلومات تفتیشی مقاصد کے لیے محفوظ رکھی جائیں۔ دوسری جانب ایکس نے متاثرہ صارفین کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا ہے کہ کمپنی کو دہلی پولیس کی جانب سے ایک درخواست موصول ہوئی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ متعلقہ پوسٹ بھارتی قانون کی خلاف ورزی کرتی ہے۔ کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے قانونی مشورہ حاصل کر سکتے ہیں، عدالت میں درخواست کو چیلنج کر سکتے ہیں، متعلقہ سول سوسائٹی تنظیموں سے رابطہ کر سکتے ہیں یا اگر مناسب سمجھیں تو اپنی پوسٹ رضاکارانہ طور پر حذف کر سکتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید