اسلام آباد ( فاروق اقدس)پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں بہتری عالمی درجہ بندی میں 103سے 101نمبر پر آگیا، تاہم پاکستان اب بھی دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل، صرف عراق، شام اور افغانستان سے بہتر ہے، بھارت 81ویں، سنگاپورکا پہلانمبر پر برقرار ، افغانستان فہرست کے سب سے آخر میں موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں دو درجے بہتری کے بعد سے 101 نمبر پر اگیا ہے اسکے ساتھ ہی پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد اب 29 ممالک یا خطوں میں بغیر پیشگی ویزا کے سفر کر سکتے ہیں 2026 میں یہ درجہ بندی عالمی شہریت اور رہائش سے متعلق مشاورتی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جاری کی گئی ہے جس میں دنیا کے 199 پاسپورٹس اور 227 سفری مقامات کا جائزہ لیا جاتا ہے پاسپورٹ انڈیکس میں پاسپورٹ کی طاقت کا اندازہ اس بنیاد پر لگایا جاتا ہے کہ اس کے حامل افراد کتنے ممالک یا علاقوں میں بغیر پیشگی ویزہ کے داخل ہو سکتے ہیں مذکورہ ادارے کے مطابق بعض صورتوں میں سفری پابندیاں ویزا پالیسی پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔