اسلام آباد( خالد مصطفیٰ )آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے پاکستان میں پہلی بار ایک اہم سائنسی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایسے زمینی شوراب (Formation Water/Brine) میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق کی ہے جس کی مقدار دنیا کے معروف لیتھیم بردار جیوتھرمل شورابوں کے برابر بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ دریافت او جی ڈی سی کے پائلٹ جیوتھرمل پروگرام کے تحت ایک کامیابی سے آزمائے گئے بلند درجۂ حرارت کے جیوتھرمل کنویں سے حاصل ہونے والے فارمیشن واٹر کے جدید جیوکیمیائی تجزیے کے دوران سامنے آئی۔ او جی ڈی سی کے اعلیٰ حکام نے دی نیوز کو بتایا کہ پاکستان میں اس نوعیت کی یہ پہلی دریافت ہے۔اس دریافت کے بعد پاکستان ان ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو جیوتھرمل شوراب کو لیتھیم کے ممکنہ ذریعہ کے طور پر تلاش کر رہے ہیں۔ لیتھیم وہ اہم معدنیات ہے جو عالمی سطح پر صاف توانائی کی جانب منتقلی میں بنیادی حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ یہ برقی گاڑیوں کی بیٹریوں، بڑے پیمانے پر توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام اور متعدد جدید ٹیکنالوجیز کا لازمی جزو ہے۔