کراچی(رفیق مانگٹ)کاکروچ جنتا پارٹی... کس کس نے دیا ساتھ... کیا رہے حکومتی ہتھکنڈے،سماج وادی پارٹی، عام آدمی پارٹی اور ترنمول کانگریس نے کھل کر تحریک کی حمایت کی، اکھلیش یادو کا "BJP بمقابلہ CJP" نعرہ...اپوزیشن نے احتجاج کو مرکزی سیاسی بیانیے میں شامل کر لیا،سیاسی سطح پر اپوزیشن جماعتوں نے کاکروچ جنتا پارٹی کی تحریک کو کھل کر سپورٹ کیا اور اسے حکومتی پالیسیوں کے خلاف ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے “BJP بمقابلہ CJP” کا نعرہ دے کر اسے مرکزی سیاسی بیانیے میں شامل کیا، جبکہ عام آدمی پارٹی کے رہنما منیش سسودیا اور اروند کیجریوال نے اسے جمہوری دباؤ کی کامیاب مثال قرار دیا۔ ترنمول کانگریس کے رہنماؤں، بشمول مہوا موئترا اور کرتی آزاد، نے نہ صرف حمایت کا اعلان کیا بلکہ احتجاج میں عملی شرکت بھی کی، جب کہ کپل سبل سمیت دیگر رہنماؤں نے مظاہرین کے لیے سہولتوں کی اپیل کی۔تحریک کو سماجی کارکنوں اور طلبہ تنظیموں کی بھی مضبوط پشت پناہی حاصل رہی۔ ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال نے احتجاج کو علامتی قوت فراہم کی، جبکہ انا ہزارے، یوگیندر یادو اور پرشانت بھوشن جیسے نامور سماجی رہنماؤں نے بھی نوجوانوں کے مطالبات کی حمایت کی۔ ان حلقوں نے اسے محض ایک احتجاج نہیں بلکہ تعلیمی اور معاشی اصلاحات کی تحریک قرار دیا۔تفریحی صنعت اور سوشل میڈیا شخصیات کی شمولیت نے اس تحریک کی رسائی کو مزید بڑھایا۔