اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) اپٹما کا ایف بی آر کی نئی ایکسپورٹر فیسی لیٹیشن کمیٹیوں میں نمائندگی کا مطالبہ، ایکسپورٹر فیسی لیٹیشن کمیٹیوں کا خیرمقدم، مگر اپٹما نے نمائندگی پر تحفظات ظاہر کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے باضابطہ طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے درخواست کی ہے کہ نئی تشکیل دی گئی ایکسپورٹر فسیلیٹیشن کمیٹیوں میں اس کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ ملک کی سب سے بڑی برآمدی صنعت کو ایسے نظام میں مؤثر کردار دیا جانا چاہیے جو برآمد کنندگان کے ٹیکس سے متعلق مسائل کے حل اور تجارت کو آسان بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے ممبر (ان لینڈ ریونیو-آپریشنز) زبیر بلال کے نام لکھے گئے ایک خط میں، اپٹما کے سیکرٹری جنرل محمد رضا باقر نے ایف بی آر کے سرکولر کا حوالہ دیا، جس کے ذریعے بورڈ نے مرکزی اور علاقائی سطح پر ایکسپورٹر فیسیلیٹیشن کمیٹیاں (برآمد کنندگان کی سہولت کاری کمیٹیاں) تشکیل دی ہیں۔