لاہور (آصف محمود بٹ) نامزد سفیر پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈاحمد امجد علی نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار زرمبادلہ برآمدات سے حاصل کرنا ہوگا۔پاکستان کے لیے طویل المدتی بنیادوں پر زرمبادلہ کے حصول کا اصل ذریعہ برآمدات ہیں، جبکہ ترسیلاتِ زر معیشت کا صرف ایک حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ-19کے دوران اور بعد ازاں مختلف عالمی تنازعات کے باعث بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن بھیجی جانے والی رقوم میں اضافہ دیکھنے میں آیا، تاہم یہ ایک عارضی رجحان تھا اور اسے مستقل معاشی استحکام کا ذریعہ نہیں سمجھا جا سکتا۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل اور کاروباری برادری کے نمائندوں سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ نئے برآمد کنندگان کو عالمی منڈیوں میں داخلے کے لیے مؤثر مارکیٹنگ اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ نامزد سفیر نے کہا کہ کووڈ کے دوران متعدد پاکستانی ملازمتوں سے محروم ہو کر وطن واپس آئے یا اپنی جمع پونجی پاکستان منتقل کی، جس سے ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح حالیہ عالمی کشیدگی اور جنگی حالات کے اثرات بھی عارضی طور پر ترسیلات پر اثرانداز ہوئے ہیں، لیکن پاکستان کو مستقل بنیادوں پر معاشی استحکام کے لیے برآمدات میں اضافہ کرنا ہوگا۔