کراچی(سید محمد عسکری) اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) کے سیکریٹریٹ کے مالی و انتظامی معاملات کا باقاعدہ سرکاری آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی ٹیم 28 اگست 2026ء سے کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں فیلڈ ورک شروع کرے گی اور مالی سال 2025-26ء تک کے حسابات اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔ دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آڈٹ (وفاقی حکومت) اسلام آباد نے 27 جولائی 2026ء کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو باقاعدہ Audit Intimation جاری کی، جس میں کہا گیا ہے کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان آرڈیننس 2001ء اور آئین پاکستان کے آرٹیکلز 169 تا 171 کے تحت وفاقی حکومت اور اس کے زیرکنٹرول اداروں کے حسابات کے آڈٹ کا اختیار آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو حاصل ہے۔ آڈٹ انٹیمیشن کے مطابق آڈٹ آفیسر شاہد عمران کی سربراہی میں ٹیم کو کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد کا مالی سال 2025-26ء تک آڈٹ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ٹیم 28 اگست 2026ء سے کامسٹیک میں فیلڈ ورک شروع کرے گی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آڈٹ نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے کہا ہے کہ متعلقہ حکام اور عملے کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ آڈٹ ٹیم کو مطلوبہ اکاؤنٹس، کتب، کاغذات، دستاویزات اور دیگر ریکارڈ ضرورت کے مطابق بروقت فراہم کیا جاسکے۔خط میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ ریکارڈ آڈیٹر جنرل آرڈیننس 2001ء کی دفعہ 14(1) کے تحت طلب کیا جاسکتا ہے۔