کراچی (بابر علی اعوان) جناح اسپتال کراچی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث حاملہ خاتون اور اس کا نومولود بچہ جاں بحق ہو گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق خاتون کو زچگی کے لئے گائنی وارڈ میں زیرِ علاج رکھا گیا جبکہ اسے جگر کا عارضہ بھی لاحق تھا، بعدازاں طبیعت بگڑنے پر اسے گیسٹرو وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں حالت تشویشناک ہونے پر ڈاکٹروں نے آئی سی یو کیئر تجویز کی اور گیسٹرو وارڈ کے ڈاکٹروں نے گائنی وارڈ سے زچگی میں مدد کے لئے رابطہ کیا جبکہ بیڈ کے لئے آئی سی یو سے رابطہ کیا تاہم دونوں وارڈز کی جانب سے خاطر خواہ جواب نہیں مل سکا۔ اسی اثناء میں خاتون نے گیسٹرو وارڈ ہی میں بچے کو جنم دیا اورزچگی کے دوران اس کا انتقال ہوگیا جبکہ نومولود بھی دم توڑ گیا جس پر گیسٹرو وارڈ کے ڈاکٹرز نے انتظامیہ کو شکایت کر دی۔ اسپتال کے جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان کے مطابق واقعے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔