کراچی (سید محمد عسکری) سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات، کلائمیٹ فنانس، کاربن مارکیٹس اور پائیدار ترقی سے متعلق طویل المدتی اصلاحات اور پالیسی سازی کے لیے ملکی و بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل اعلیٰ سطح کی ٹاسک فورس آن کلائمیٹ چینج قائم کردی ہے، جو حکومت کو قانونی، پالیسی اور ادارہ جاتی اصلاحات سمیت موسمیاتی شعبے کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے شواہد پر مبنی حکمت عملی اور سفارشات پیش کرے گی۔ محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن (کابینہ سیکشن) حکومت سندھ کی جانب سے جاری کرفہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس کی تشکیل صوبائی کابینہ کے 23 جولائی اور 5 اگست 2026ء کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں کی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ نے اہم ترجیحی شعبوں میں طویل المدتی اصلاحات کے لیے مجموعی طور پر چار اعلیٰ سطح ٹاسک فورسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی ٹاسک فورس کے کنوینر ہوں گے جبکہ اس کے ارکان میں ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی تھائی لینڈ کے ڈاکٹر فرقان علی شیخ، گرین کلائمیٹ فنڈ کے عمران مسلم زیدی، چیف ایگزیکٹو آفیسر کلائمیٹ ایکشن اینڈ پالیسی انیشی ایٹو ڈاکٹر عرفان یوسف، انٹرنیشنل کلائمیٹ فنانس ایکسپرٹ علی توقیر شیخ، ایکٹوسٹ اینڈ ریسرچر طارق الیگزینڈر قیصر،؛ گلوبل ایڈوائزر آن کاربن مارکیٹس کی سیدہ حدیقہ جمشید، پروفیسر ڈاکٹر سید عمران احمد، اور وائس چانسلر ٹیکنیکل یونیورسٹی خیرپور ڈاکٹر رسول بخش مہر شامل ہیں۔