• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیسک سائنسز فیکلٹی اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کے مسائل کے حل کیلئے HEC کی اعلیٰ سطح کمیٹی

کراچی (سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے خردحیاتیات، بائیو ٹیکنالوجی، نامیاتی کیمیاء، جنییات اور سالماتی حیاتیات سمیت بنیادی علوم (Basic Sciences) سے وابستہ فیکلٹی اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل (AHPC) پاکستان سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے اور انہیں حل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔ ایچ ای سی کے کوآرڈینیشن ڈویژن کی جانب سے 20اگست 2026ء کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد کی فیکلٹی آف لائف سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں پروفیسر ڈاکٹر معاذ الرحمٰن، ڈائریکٹر سینٹر آف ایکسی لینس اِن مالیکیولر بائیولوجی، یونیورسٹی آف دی پنجاب لاہور؛ پروفیسر ڈاکٹر محمد اشتیاق علی، چیئرمین شعبہ مائیکرو بائیولوجی، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد؛ پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی، سربراہ انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ انوویٹو ریسرچ کراچی؛ پروفیسر ڈاکٹر ایوب کاکڑ، ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز، یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ؛ پروفیسر ڈاکٹر ابرار خان، چیئرمین سینٹر آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ مائیکرو بائیولوجی، یونیورسٹی آف پشاور؛ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلمان، ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیلتھ اینڈ بائیولوجیکل سائنسز، اباسین یونیورسٹی پشاور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر سید حبیب بخاری، ممبر ریسرچ اینڈ انوویشن ڈویژن، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کو بھی کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے جبکہ الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل پاکستان کا ایک نامزد نمائندہ بھی کمیٹی میں بطور رکن شامل ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود خان، ممبر کوالٹی ایشورنس، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کو کمیٹی کا ممبر/سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے قائم کردہ یہ کمیٹی بنیادی علوم کی فیکلٹی اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل پاکستان سے متعلق مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اقدامات کرے گی۔

اہم خبریں سے مزید