ملتان ( سٹاف رپورٹر ) ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل کی ہدایت پر عید میلادالنبی حضرت محمد ﷺ کے موقع پر ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں اضلاع کے لیے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ۔ عید میلادالنبی ﷺ کے تمام جلوسوں اور میلاد پروگرامز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ سکیورٹی پلان کے مطابق ملتان ریجن کے چاروں اضلاع میں 220 جلوسوں اور 44 میلاد پروگرامز کا انعقاد ہوگا، جن کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔آر پی او عثمان اکرم گوندل نے کہا کہ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر امن و امان کا قیام اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ حساس جلوسوں اور میلاد پروگرامز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے شرکاء کی چیکنگ یقینی بنائی جائے گی۔ گورنمنٹ آ ف پنجاب کے احکامات کے روشنی میں سیف سٹی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکار بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ جلوسوں کے روٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔