ملتان( سٹاف رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان بینچ کے جج جسٹس سید فرہاد علی شاہ نے معروف زمیندار سردار عمر خان مرحوم کی قبر کشائی سے متعلق ایڈیشنل سیشن جج کبیروالا کا حکم معطل کر دیا ۔پٹیشنر سمیرا پروین کے وکلا رانا اصف سعید‘ مہر ارشاد احمد ارائیں‘ بیرسٹر نوال آصف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تیسرے فریق کی درخواست پر قبر کشائی لاش کی بے حرمتی ہے اسی طرح تیسرا فریق کسی بچے کی ولدیت کو چیلنج نہیں کر سکتا بچے کا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی موجود ہے زمیندار سردار عمر خان اف نڑھال کبیر والا نے پٹیشنر سمیرا پروین سے 2012میں باقاعدہ شادی کی تھی جس کا رجسٹرڈ نکاح نامہ موجود ہے اس کے بطن سے 2014 میں عمیر خان پیدا ہوا۔ انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سردار عمر خان 74 سال کی عمر میں فوت ہوا اسے متعدد بیماریاں لاحق تھیں اس نے مختار شیخ میموریل ہسپتال سے بھی علاج کرایا لیب ٹیسٹ اور نسخے موجود ہیں وہ طبعی موت مرا لیکن مرحوم کے بھتیجے بلا جواز اس کی طبعی موت کو قتل بنانے کے در پہ ہیں تاکہ وہ مرحوم کی جائیداد ہتھیایا سکیں ۔