کراچی (سید محمد عسکری) محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ٹاؤن میں واقع گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول آصف گرین ٹاؤن اور گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول اختر گرین ٹاؤن کو قریبی اسکولوں میں منتقل کرنے کا حکم فوری طور پر منسوخ کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری کورنگی صائبہ پٹھان کی جانب سے 21اگست کو جاری دفتری حکم نامے کے مطابق دونوں اسکولوں کی منتقلی کے لیے 19 اگست کو جاری کیا گیا سابقہ حکم واپس لے لیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں اسکول اپنی موجودہ عمارتوں میں بدستور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔