اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی پاک مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے منگل کو ملاقات کی اور زراعت، بندرگاہوں، شاہراہوں، ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ، رئیل اسٹیٹ، توانائی، بجلی کی تقسیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا،وزیراعظم نے ان ترجیحی شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعاون، خواہ حکومت سے حکومت (G2G) ہو یا کاروبار سے کاروبار (B2B)، کے لیے یہ بہترین اور موزوں ترین وقت ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو باہمی مفاد پر مبنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود کے لیے اپنی جانب سے دلی احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔