اسلام آباد (عاصم جاوید) متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ کے اندر منظم، موثر اور مربوط مشترکہ کردار ادا کرنے، مشترکہ حکمت عملی کیلئے کوآرڈینیشن میکنزم تشکیل دینے، قومی اہمیت کے معاملات پر مشترکہ پارلیمانی موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے،پارلیمانی پارٹیز نے متحدہ اپوزیشن کے قیام، فضل الرحمن کے متحدہ اپوزیشن کی شمولیت کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ منگل کو متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا۔ یہ اجلاس پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جو ساڑھے تین گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ متحدہ اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے پہلے باضابطہ اجلاس کے اعلامیہ میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی خودمختاری یقینی بنانے، آئین سے متصادم قانون سازی واپس لینے، عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی، سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات کے خاتمے، عدالتی فیصلوں پر مکمل عملدرآمد سمیت دیگر مطالبات کئے گئے ہیں، جبکہ آئندہ قومی اہمیت کے معاملات پر مشترکہ پارلیمانی موقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔