اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)پاکستان کا اسٹرٹیجک تیل ذخائر کے قیام کی جانب اہم قدم، عالمی ادارےوُڈ میکنزی کو اسٹڈی کا ٹھیکا؛ وفاقی وزیر پٹرولیم کی منصوبے کے آغاز کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت؛ علی پرویز ملک نے کہا کہ توانائی کا تحفظ قومی سلامتی سے جڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اپنی توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کے قیام کے لیے باقاعدہ طور پر فیزیبلٹی اسٹڈی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ عالمی توانائی سے متعلق مشاورتی ادارے وُڈ میکنزی کو اس منصوبے کی قیادت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے منگل کے روز منصوبے کے آغاز کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں حکام نے فیزیبلٹی اسٹڈی کے دائرہ کار، مدتِ تکمیل اور مجوزہ ڈھانچے کا جائزہ لیا۔ وُڈ میکنزی کو مسابقتی ٹینڈر کے عمل کے ذریعے منتخب کیا گیا، جس میں چار بولیاں موصول ہوئی تھیں۔