اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان کے نظامِ انصاف میں ثالثی اور مصالحت کے ذریعے تنازعات کے حل کو فروغ دینے کے لئے او آئی سی آربیٹریشن سینٹر (OIC-AC) اور وزارتِ قانون و انصاف کے تحت قائم انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر (IMAC) کے درمیان اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور او آئی سی آربیٹریشن سینٹر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عمر اے اوسی کی موجودگی میں کامسٹیکس میں منعقدہ سول، کمرشل اور شریعہ سے ہم آہنگ ثالثی کے پانچ روزہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کے دوران دستخط کئے گئے۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد ثالثی، آربیٹریشن، متبادل تنازعاتی حل اور تنازعات کی روک تھام کے شعبوں میں دونوں اداروں کے درمیان طویل المدت تعاون کا فریم ورک قائم کرنا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے علم، معلومات، مطبوعات اور پیشہ ورانہ مہارت کے تبادلے کے ساتھ ساتھ استعدادِ کار بڑھانے کے پروگرامز، کانفرنسز، سیمینارز، ویبینارز، لیکچرز اور باہمی دلچسپی کی دیگر سرگرمیوں میں تعاون کریں گے۔