کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے محکمہ کھیل نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صوبے کے روایتی علاقائی کھیل ملاکھڑا کو عالمی سطح پرمقبول بنانے کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت جاپانی سومو پہلوان پاکستان کا دورہ کریں گے جن کے مقابلے کراچی میں ہوں گے،سکریٹری کھیل اور امور نوجوانان کے سکریٹری منور علی مہسرنے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ پاکستانی ملاکھڑا کے کھلاڑی پچھلے سال جاپان کا دورہ کرچکے، جس کے جواب میں جاپانی سومو پہلوان اکتوبر میں پاکستان آئیں گے،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اولمپکس کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی کھیلوں کی ترقی کے لئے کوشاں ہے،سندھ حکومت صوبے کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے،باکسرز، جیو جسٹو، کراٹے،اور دیگر کھلاڑیوں کو ایوارڈ دئیے، کھلاڑیوں اور کوچز کی حوصلہ افزائی ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں معاون ثابت ہوگی. ای اسپورٹس ایونٹ کا آغاز کیا ہے، دماغی آزمائش کے کھیلوں کو بھی فروغ دے رہے ہیں،سندھ گیمز اگلے ماہ سکھر میں کرائے جائیں گے۔