• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورا وارڈ جلنے میں صرف 2 منٹ لگے، وزیراعظم کی جانب سے تشکیل کردہ انکوائری کمیٹی کی عبوری رپورٹ منظر عام پرآگئی

اسلام آباد (رانا غلام قادر )اسلام آ بادکے مرکزی ہسپتال پمز کی نرسری میں آتشزدگی کے واقعے کی وزیراعظم کی جانب سے تشکیل کردہ انکوائری کمیٹی کی عبوری رپورٹ منظرِ عام پر آگئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فائر فائٹرز کو لاک شدہ دروازے توڑنا پڑے، این آئی سی یو میں انتظامی اور طبی نگرانی کا فقدان سانحے کی وجہ قرار دیا گیا ہے جبکہ حساس برقی نظام کا تکنیکی معائنہ اور نوزائیدہ بچوں کے انخلا کی مشقیں کرانیکی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ پر چیئر مین انکوائری کمیٹی اور سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان اور ممبران سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بیرسٹر نبیل اعوان۔ میجر جنرل ر یٹارڈ ڈاکٹر خورشید اترا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آ باد عرفان نوا زمیمن کے دستخط ہیں۔نو صفحات پر مشتمل رپورٹ میں آتشزدگی کی وجہ، واقعات کی ٹائم لائن، ہنگامی ردعمل اور ہسپتال میں فائر سیفٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔انکوائری کمیٹی نے جائے وقوعہ کے معائنے کے ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج، متعلقہ ریکارڈ اور مختلف اداروں کے بیانات کا جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق آگ تقریباً صبح 6 بج کر 38 منٹ پر نمایاں ہوئی اور انتہائی تیزی سے پھیلی، جبکہ تقریباً دو منٹ کے اندر نرسری شدید دھوئیں سے بھر گئی۔ سی سی ٹی وی کے مطابق چارج نرس نسرین تقریباً 6 بج کر 38 منٹ 15 سیکنڈ پر نرسری سے باہر نکلیں، جبکہ موقع پر موجود عملے نے بچوں کو بچانے کی فوری کوششیں کیں۔

اہم خبریں سے مزید