کراچی( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کے لئے ایک مکمل ڈیجیٹل کیریئر نظام بن چکا ہے، جہاں انہیں روزگار کے مواقع، جدید کورسز اور اپنی صلاحیتوں کو عالمی مارکیٹ سے ہم آہنگ کرنے کے لئے مختلف سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔سندھ حکومت نوجوانوں کو صرف ملازمت تلاش کرنے والا نہیں بلکہ ملازمت کے قابل بنانا چاہتی ہے۔ اسی سلسلے میں مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار سی وی بنانے کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، جو نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کررہی ہے۔ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ ،پر اب تک 4 لاکھ 57 ہزار سے زائد ملازمتوں کی درخواستیں جمع ہونا سندھ کے نوجوانوں کی عملی شمولیت اور روزگار کے حصول کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہپلیٹ فارم پر فعال ملازمتوں کے مواقع 16 ہزار 200 سے بڑھ کر 19 ہزار 973 ہوگئے ہیں، جبکہ رجسٹرڈ امیدواروں کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔