کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس عمر سیال نے میر رضا قتل کی معلومات حاصل کرنے کے لئے روزنامہ جنگ سمیت ایک سندھی اور انگریزی اخبار میں بھی عوامی اشتہار شائع کرنے کا حکم دیا ہے۔ سندھ حکومت کو کہا ہے کہ مکمل وضاحت کے ساتھ اشتہار شائع کریں۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے کہا ہے کہ معلومات دینے والے کا نام راز میں رکھا جائے گا ، سندھ ہائی کورٹ کے شعبہ آئی ٹی کی جناب سے دیا گیا واٹس ایپ نمبر اور ای میل ایڈریس بھی شائع کیا جائے گا مزید کہا گیا ہے کہ جس شخص کی معلومات کیس کے لئے اہم ثابت ہوئی اسے ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ جائے وقوعہ کے قریب بھی یہ نوٹس چسپاں کئے جائیں گے جو رضا کار اس خاندان کی مدد کر رہے ہیں وہ یہ نوٹس لگانے کا کام کریں گے۔ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کیس سے منسلک پولیس افسران اور ڈاکٹرز کی لسٹ فراہم کریں۔