کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنا عوام پر کوئی احسان نہیں! بلکہ عوامی خدمت حکومت کی ذمے داری ہے۔ جب کہ میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں اب کسی کو ’’ماموں‘‘ یا ’’مرغا‘‘ بنانے کا وقت ختم ہوچکا، اب صرف کام کا وقت ہے، شہری ترقیاتی کام اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ وہ ہفتے کو یہاں مشترکہ طور پرکورنگی نمبر 5 کے 12 ہزار روڈ پر نو تعمیر کورنگی، لانڈھی فلائی اوور کا افتتاح کرررہے تھے۔ 515 میٹر طویل فلائی اوور کی تکمیل سے کورنگی، لانڈھی اور ملحقہ صنعتی علاقوں کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر ہونے اور شہریوں کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات ملنے کی امیدہے، منصوبے پر 74 کروڑ 66 لاکھ 28 ہزار روپے لاگت آئی ہے اور منصوبے کا فزیکل ورک 100 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت خدمت کے جذبے کے تحت کراچی سمیت پورے سندھ میں ترقیاتی کام کررہی ہے، صحت کے شعبے میں بھی صوبائی حکومت نمایاں اقدامات کررہی ہے، انڈس اسپتال کے لئے سندھ حکومت سب سے بڑی ڈونر ہے، کورنگی، شاہراہ بھٹو کے علاقے میں خطے کا ایک بڑا آٹزم سینٹر بھی تعمیر کیا جارہا ہے، جس کا نام ’’انکلوژیو سٹی‘‘ رکھا جائے گا، صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت نے فنڈز فراہم کیے ہیں، کوشش ہے کہ صنعتوں کو بہتر انفرااسٹرکچر فراہم کیا جائے، کورنگی اور لانڈھی کے صنعتی علاقوں کے لئے مجموعی طور پر 4 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔