• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل کا آرڈیننس فیکٹرز کا اہم دورہ، دفاعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کا عزم

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کا اہم دورہ کیا اور ادارے کی پیداواری صلاحیتوں، تکنیکی جدت ،دفاعی سامان کے برآمدی امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے پاکستان کو دفاعی پیداوار میں مکمل طور پر خود کفیل بنانے، مقامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور دفاعی مصنوعات کو بین الاقوامی معیار پر استوار کر کے برآمدات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی او ایف ملکی دفاع کے لیے مختلف اقسام کے اعلیٰ معیار کے فوجی سازوسامان کی مقامی تیاری میں کلیدی اور تاریخی کردار ادا کر رہا ہے، جس سے دفاعی خود انحصاری کو فروغ مل رہا ہے۔مسلح افواج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز کو پی او ایف کے آپریشنز، جاری منصوبوں اور مختلف اقسام کی پیداواری سرگرمیوں پر جامع بریفنگ دی گئی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی سطح پر تیار کردہ جدید ہتھیاروں اور گولہ بارود کے عملی ٹیسٹ اور ٹرائلز کا بھی خود مشاہدہ کیا۔فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈی آئی پی آر اے آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل اور اس میں ہونے والی پیشرفت سے تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید