اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارت کاری اور معیشت میں مثبت تبدیلی آئی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں، پاکستان عالمی سطح پر سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے، ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے، برطانیہ کا دورہ انتہائی مثبت اور کامیاب رہا۔ نائب وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کو مسائل کا حل سمجھتا ہے، جنگ سے مسائل حل نہیں ہوتے، مذاکرات اور سفارت کاری ہی راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران تنازعہ میں بھرپور سفارتی کوششیں کیں اور دونوں ملکوں کو ایک میز پر بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، دنیا پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہ رہی ہے، اور پاکستان کو آج خطے میں امن کے داعی ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اہم مقام حاصل کرچکا ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے گزشتہ سال شاندار بہادری کا مظاہرہ کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں، برطانوی حکام سے پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔