ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب کے سرکاری سکولوں میں خدمات انجام دینے والے 25 ہزار اسکول ٹیچر انٹرنز کا مستقبل تاحال غیر یقینی ، نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کے باوجود ان کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں ہوسکی، ذرائع کے مطابق ایس ٹی آئیز کا کنٹریکٹ گرمیوں کی تعطیلات سے قبل 22 مئی کو ختم ہوگیا تھا۔ تعطیلات ختم ہونے کے بعد نیا تعلیمی سال شروع ہوچکا ہے، تاہم بڑی تعداد میں اساتذہ کو تاحال دوبارہ تعیناتی یا کنٹریکٹ میں توسیع کا انتظار ہے۔صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد ایس ٹی آئیز کے کنٹریکٹ میں توسیع کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اعلان کے باوجود تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔پنجاب ٹیچرز یونین کے مطابق اساتذہ کی کمی کے باعث سرکاری اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ طلبہ کی انرولمنٹ بھی متاثر ہورہی ہے یونین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 25 ہزار اسکول ٹیچر انٹرنز کے کنٹریکٹ میں فوری توسیع کی جائے۔