ملتان (سٹاف رپورٹر) نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر آفس میں ملتان کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں فائر اور نان فائر سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی پریپئرڈنس، فائر سیفٹی اور الیکٹریکل سیفٹی کے نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے حوالے سے ا جلاس منعقد ہوا،اجلاس کی صدارت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کی، اجلاس میں ملتان کے سرکاری ہسپتالوں کے انتظامی سربراہان سمیت پرنسپل نشتر میڈیکل کالج، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ملتان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال-II، ایگزیکٹو ڈائریکٹر برن سینٹر ملتان، پرنسپل نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹسٹری اور ڈاکٹر حسین، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان نے شرکت کی،اجلاس میں فائر، الیکٹریکل اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موجودہ انتظامات کا جامع جائزہ لیا گیا اور تمام ہسپتالوں میں 100 فیصد سیفٹی کمپلائنس یقینی بنانے کے لیے اہم اور فوری نوعیت کی ہدایات جاری کی گئیں،وائس چانسلر نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں فائر ایگزیکیوشن پلان کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کر کے نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے اور متعلقہ افسران کے دستخط بھی یقینی بنائے جائیں۔ تمام فائر ایگزٹ ہر قسم کی رکاوٹ سے مکمل طور پر پاک رکھے جائیں اور بیٹری سے چلنے والے روشن ایگزٹ سائن نصب کیے جائیں،تمام ہسپتالوں میں اسمبلی ایزیاز واضح طور پر مقرر اور نشان زد کیے جائیں جبکہ ان سے متعلق مکمل دستاویزات بھی مرتب کی جائیں۔ سیڑھیوں میں مناسب وینٹیلیشن کا انتظام کیا جائے اور حساس شعبہ جات کے ایگزٹ پلانز اور راستے ہر وقت مکمل طور پر کھلے رکھے جائیں،وائس چانسلر نے فائر سیسپینش اور فائر سپریڈ کنٹرول کے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانے، تمام شعبہ جات کا الیکٹریکل لوڈ ایسیسمنٹ مکمل کرنے اور ضرورت سے زیادہ برقی لوڈ کے استعمال پر سختی سے پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی۔ تمام وارڈز اور شعبہ جات میں ارتھنگ کی باقاعدہ جانچ بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ الیکٹریکل رومز کو سٹورز کے طور پر استعمال کرنا سختی سے ممنوع ہوگا۔ کوریڈورز، الیکٹریکل پینلز اور دیگر حساس مقامات سے ردی کاغذ، فضلہ اور آتش گیر مواد فوری طور پر ہٹایا جائے جبکہ بیسمنٹ میں کسی بھی قسم کا خطرناک یا آتش گیر مواد رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی،آکسیجن رکھنے کی جگہوں میں مناسب وینٹیلیشن اور وافر تعداد میں فائر ایکسٹنگوشرز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ واٹر ہائیڈرینٹس کی تنصیب ریسکیو 1122 کی ہدایات کے مطابق مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ اس سلسلے میں ایم ڈی واسا سے بھی ضروری تعاون حاصل کیا جائے گا۔تمام ہائی رسک ایریاز میں فائر الارم سسٹم ، واٹر سپرنکلز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں مزید ڈی سی پی ایس نصب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔اجلاس میں سوئی گیس آلات کے استعمال پر سخت نگرانی، تمام ہسپتالوں میں ریسکیو 1122 کے تعاون سے باقاعد ہ فائر موک ڈرلز کے انعقاد اور ان کی مکمل دستاویزات و ریکارڈ برقرار رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔وائس چانسلر نے ہر ہسپتال میں سیفٹی ٹیم منیجزر نامزد کرنے اور متعلقہ وارڈ ایڈمنسٹریٹرز کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر فائر سیفٹی اور ایمرجنسی انتظامات کا معائنہ یقینی بنانے کی ہدایت کی،انہوں نے واضح کیا کہ تمام اسٹاف کی 100 فیصد حاضری اور ڈیوٹی کمپلائنس کو یقینی بنایا جائے گا۔